لاہور(میڈیا92نیوز ) چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کرنے پر داتا دربار پر تعینات نجی سکیورٹی کمپنی کے 133گارڈز سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے داد رسی کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب اورصوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید زعیم حسین قادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حضرت سید علی بن عثمان الہجویریؒ پر محکمہ کے گارڈز اور پولیس فورس کے علاوہ نجی سکیورٹی کمپنی کے 133سکیورٹی گارڈز تعینات ہیں جن کو حکومت پنجاب کی جانب سے وضع کردہ کم سے کم ماہانہ اجرت بھی نہیں دی جاتی، جبکہ نجی سکیورٹی کمپنی نے گذشتہ چار ماہ سے اپنے گارڈز کو تنخواہیں ادا نہیں کیں، جس کی وجہ سے ان سب کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔میڈیا92نیوز کے رابطے پر انہوں نے بتایاکہ نجی سکیورٹی کمپنی کے ذمہ داران جب چاہیں تنخواہیں روک لیتے ہیں، گارڈز نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر اوقاف ومذہبی امور نوٹس لیں۔ چار ماہ سے رکی ہوئی تنخواہیں ادا کروائی جائیں مجبورا ہوکر احتجاج کررہے ہیں۔
