لاہور(جنرل رپورٹر/میڈیا 92نیوز)ٹیوٹا اور نیٹ سول 2 ہزار طلبہ کو آئی او ٹی ،بلاک چین اور ڈیٹا مینجمنٹ کی جدید تربیت دیں گے ۔نیٹ سول کے سی ای او سلیم غوری نے چیئر مین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ سے ملاقات کی ۔ملاقات میں طے کیا گیاٹیوٹا اور نیٹ سول ابتدائی طور پر دو ہزار طلبہ کو آئی او ٹی (انٹرنیٹ آف تھنگز )،بلاک چین اور ڈیٹا مینجمنٹ کی جدید ترین تربیت فراہم کر ینگے ۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ دنیا سمارٹ ہوگئی ہے ، اب ٹی وی ،فریج ،اے سی سمیت الیکٹرانکس کی دوسری اشیا انسانی باتوں پر عمل کریں گی پاکستان میں یہ جدید ٹیکنالوجی متعارف ہوچکی ہے اور ٹیوٹا پہلا ادارہ ہے جو اپنے طلبہ کو یہ تربیت فراہم کرنے جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل آئی او ٹی ٹیکنالوجی کا ہے ۔ٹیوٹا نیٹ سول سے مل کر سلیبس اور طریقہ کار طے کر کے جلد چھ ماہ کے کورس کا آغاز کر دیگا ۔ نیٹ سول کے سی ای او سلیم غوری کا کہنا تھا اس وقت ملک میں آئی او ٹی ،بلاک چین اور ڈیٹا مینجمنٹ کی بہت مانگ ہے ،یہ تربیت نوجوانوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نوکریاں فراہم کرے گی ۔
