لاہور(میڈیا نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی) حکومت پنجاب سٹیٹ بینک کے اشتراک سے صوبائی سطح پر تمام سرکاری وصولیوں کےلئے آن لائن سسٹم متعارف کرارہی ے جسے تحت ہر طرح کے ٹیکس اورفیسوں جن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، بورڈ آف ریونیو کے تحت وصول کیے جانے والے ٹیکس اورچالان ، لائسنس، ڈومیسائل اور مختلف رجسٹریشنز فیس شامل ہیں کی ادائیگی ایک اپلیکیشن کے ذریعے ممکن ہوگی۔ اپلیکیشن کا آغاز رواں سال کے اختتام تک کردیا جائے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے منسٹر بلاک میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، محکمہ خزانہ پنجاب، کنٹرولر جنرل آف اکاﺅنٹس گورنمنٹ آف پاکستان اکاﺅنٹنٹ جنرل پنجاب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ سٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر فنانس سلیم اللہ نے اجلاس کو سسٹم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پنجاب کے تمام اضلاع سے بیک وقت اجرا کےلئے مجوزہ لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے صوبائی وزیر کو بتایاکہ سسٹم کے تحت کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور آن لائن ادائیگی ممکن ہوگی۔ اس مقصد کےلئے ابتدائی طور پر بینک آف پنجاب اور نیشنل بینک کی خدمات حاصل کی جائیںگی۔بعدازاں دیگر بینکوں کے ساتھ بھی معاہدے کیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اجلاس کو ایپ کی تفصیلات اورمشتملات سے آگاہ کیا۔
