پنجاب بار الیکشن، احاطہ لاہور ہائیکورٹ پولنگ سٹیشن قرار دے دیا گیا

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے لئے الیکشن کمشنر و ریٹرننگ افسر /ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا ہے کہ اس مرتبہ  پنجاب بار کونسل کے ارکان کے انتخابات کے لئے صوبہ و تحصیل سطح پر ایڈیشنل سیشن ججز بطور پریزائیڈنگ آفیسر فرائض انجام دیں گے، شفاف پولنگ کے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں بیلٹ پیپرز پر ووٹرز خود اپنے پسندیدہ امیدوار کا نام درج کرے گا۔ گزشتہ روز خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کے ارکان کی لاہور کی سولہ نشستوں کے لئے احاطہ لاہور ہائیکورٹ کو  پولنگ سٹیشن قرار دے دیا گیا، عدالتی کمروں اور بارکے ہال رومز پولنگ بوتھ بنیں گے جہاں کسی قسم کی انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی،وکلاءووٹرز لسٹ کے مطابق اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے پولنگ مینوئل طریقہ کار کے مطابق ہوگی احمد اویس نے کہا کہ پہلے سول ججز کو پریزائیڈنگ آفیسرز مقرر کیا جاتا رہا لیکن اس مرتبہ ایڈیشنل سیشن ججز کو پریزائیڈنگ آفیسرز بنایا گیا ہے. ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا. خلاف ورزی کے مرتکب امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ چند روز قبل بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نااہل قرار دیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں، انہوں نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے انتخابی دفاتر صرف اپنے دفاتر میں قائم کریں اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کریں اور 28 نومبر کے الیکشن کو مثالی جمہوری انداز میں دوسرے طبقات کے لیے مثال بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں

لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

لاہور: محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ …