دمام میں منشیات کے اسمگلر کا سر قلم

نشہ آور بوٹی کی کاشت کرنے والے کو پندرہ برس قید کی سزا ہو گی
دمام (میڈیا92نیوز آن لائن)وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ایک غیر ملکی کا سر قلم کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ شخص شام سے تعلق رکھتا تھا۔ جس کا نام عبدالہادی مجبل العبد اللہ بتایا جاتا ہے۔ شامی شہری مملکت میں نشہ آور ادویات اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا تھا۔اس کی تلاشی لینے پر اس کے پاس سے ہزاروں نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔ استغاثہ کی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا تھا۔ ملزم کو الزام ثابت ہونے پر مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں عدالت کی جانب سے اسے موت کی سزا سنائی گئی۔ جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے گزشتہ روز دمام میں اس کا سر تن سے جدا کر دیا گیا۔دوسری جانب جازان میں حکام نے ایک مقامی قبیلے کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص نے نشہ آور بوٹی قات کا کوئی فارم قائم کیا تو اسے پندرہ برس قید کی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔اس کے علاوہ ایک لاکھ ریال کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ حکام کے مطابق جہاں بھی قات کی کاشت نظر آئی وہ کھیت بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا اور اس کاشتکاری میں ملوث فرد کو کوڑوں کی سزا بھی دی جائے گے۔ واضح رہے کہ جازان کے کئی علاقوں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد قات کی کاشت میں ملوث ہے۔ حکام اس مکروہ پیشے کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان میں انتخابات میں مداخلت پر تشویش ہے تحقیقات کی جائیں، امریکا

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد اور لاکھوں شہریوں کی جانب …