سری نگر(نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 9 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 9 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ قابض بھارتی فورسز نے ضلع پلواما کے علاقے کھاپوراسرنو میں سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کیا اور ان کی شہادت پر احتجاج کرنے والوں پر بھی فائرنگ کی گئی جس کی زدمیں آکر مزید 6 نوجوان شہید ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق قابض فوج نے مظاہرین پرپیلٹ گن اورآنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے درجنوں کشمیری زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں انسانی حقوق کے عالمی دن پر کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے وادی میں بھارتی مظالم سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ 1989 سے اب تک قابض فوج نے 95 ہزار کشمیریوں کو شہید کیا۔