میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف دنیا بھر میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے

(میڈیا پاکستان)دنیا بھر میں لاکھوں افراد روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور عالمی برادری سے بے حسی ختم کرکے میانمار حکومت کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔یورپ اور ایشیا کے کئی ممالک میں برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے ہوئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں سیاسی و اسلامی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں نے ملک گیر مظاہرے کیے اور میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ملائیشیا، افغانستان، فلپائن، ایران سمیت کئی ممالک میں بھی میانمار کے سفارت خانوں کے باہر مظاہرے ہوئے۔ شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر میانمار کی حکمراں جماعت کی رہنما نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ میانمار میں بچوں، عورتوں سمیت سیکڑوں افراد کو شہید کیا جاچکا ہے لیکن عالمی برادری کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ادھر بھارت کے کئی شہریوں میں بھی روہنگیا مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ زبانی جمع خرچ بند کرکے روہنگیاؤں کی نسل بند کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ میں بھی سیکڑوں افراد نے جامع مسجد سے لال چوک تک ریلی نکالی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں بھی روہنگیا مسلمانوں پر تشدد کیخلاف سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تارک وطن روہنگیا مسلمانوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر بعض افراد جذبات کی شدت سے رو پڑے اور انہوں نے عالمی برادری کی بے حسی کیخلاف نعرے بازی کی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔ ادھر امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کی جانب سے میانمار کے سفارت خانے کے باہر روہنگیا مسلمانوں کے حق میں مظاہرے کا اہتمام کیا گی .شرکا نے برمی فوج کے جرائم کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے میانمار کی حکومت سے روہنگیا مسلمانوں کو شہریت دینے کا مطالبہ کیا۔اقوام متحدہ کے مطابق میانمار حکومت کے تشدد کی وجہ سے سیکڑوں روہنگیا مسلمان شہید اور تقریبا 3 لاکھ مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

چینی فوج کیساتھ جھڑپ میں بھارتی فوجی پسپا ہونے پر مجبور؛ متعدد زخمی

 ریاست اروناچل میں ایل اے سی کے قریب چین کی فوج کے ساتھ جھڑپ میں …