سری نگر(میڈیا 92نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم اور جعلی مقابلوں کے خلاف حریت قیادت کی کال پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں جعلی مقابلے میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جس کے خلاف حریت قیادت کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی جانب سے وادی بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی۔حریت قیادت نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارتی فوج نے وادی میں آپریشن آل آؤٹ دوبارہ شروع کردیا ہے جس کا مقصد کشمیر کے لوگوں کا قتل عام اور انہیں ہراساں کرنا ہے۔حریت قیادت کا کہنا تھا کہ مزاحمت کرنے والوں پر پیلٹ اور گولیاں برسائی جاتی ہیں، محاصرے کے دوران گھروں کو بارودی مواد سے تباہ کردیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ قابض فوج کے جعلی آپریشن کے دوران گزشتہ روز شہریوں کی جانب سے مظاہرے کیے گئے جب کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے طاقت کا استعمال بھی کیا۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع کلگام اور اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔