انٹرنیشنلتازہ ترین

بھارت میں این جی او کی پانچ خواتین سے اغواء کے بعد اجتماعی زیادتی

رانچی(میڈیا 92نیوز) بھارت میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کام کرنے والے این جی او کی پانچ خواتین کو ’اسٹریٹ تھیٹر‘ کرتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بھارت کی ریاست جھاڑکھنڈ کے ضلع کُھنٹی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر فلاحی تنظیم آشا کرن کے لیے کام کرنے والی پانچ خواتین کو اِغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ خواتین کو اس وقت اغواء کیا گیا جب وہ ایک مصروف علاقے میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اسٹریٹ تھیٹر کر رہی تھیں۔مقامی پولیس افسر راجیش پرشاد کا کہنا تھا کہ خواتین سے زیادتی کا واقعہ گزشتہ روز ہوا ہے جب کہ انہوں نے ایف آئی آر آج درج کرائی ہے۔ اغوا کی گئی خواتین کا تعلق عیسائی مشنری تنظیم سے تھا، گو کہ مغویوں کو 3 گھنٹے بعد ہی چھوڑ دیا گیا تھا لیکن ملزمان نے خواتین سے زیادتی کی وڈیو بھی بنائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ علیحدگی پسند مسلح جنگجوؤں کے زیر اثر ہے جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور عین ممکن ہے کہ اس واقعے میں بھی یہی گروہ ملوث ہو۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

Back to top button