انٹرنیشنل

امریکی صدرنے شام سے اپنی افواج واپس بلانے کا اعلان کردیا

دمشق / ورجینیا(میڈیا92نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے اپنی افواج واپس بلانے کا اعلان کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھاکہ شام میں امریکی افواج کا کام داعش کو شکست دینا تھا۔ فوج نے یہ کام بخوبی انجام دے دیا ہے۔ وہ ریاست ورجینیا کے شہر رچمونڈ میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ امریکی صدر نے کہاکہ فوجی اہلکار جلد اپنی سرزمین پر واپس پہنچ جائیں گے۔ بریفنگ کے دوران صحافیوں نے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیدر نوئرٹ سے سوال کیا کہ صدر نے شام سے فوج واپس بلانے کا اعلان کیا ہے، فوجی کب وطن واپس پہنچیں گے، نوئرٹ نے صدر کے اعلان سے لاعلمی کا اظہار کیا۔دریں اثنا شام میں ایک امریکی سمیت 2 اتحادی فوجی ہلاک ہوگئے، امریکی حکام نے شامی شہر منبج میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ جبکہ 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ شامی حکومت نے باغی گروہ جیش الاسلام کو غوطہ چھوڑنے کیلیے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی۔شامی ٹی وی کے مطابق جمعے کو شامی حکومت نے باغی گروہ جیش الاسلام کو غوطہ چھوڑنے کیلیے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ، اس گروپ کے کچھ ارکان ابھی تک مشرقی غوطہ میں واقع قصبے دوما میں ہی ہیں۔دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں موجود آخری باغی گروہ نے ایسی رپورٹوں کو مسترد کیا ہے کہ اس نے دوما کا قصبہ چھوڑنے کے حوالے سے روس سے کوئی معاہدہ کیا ہے۔

Back to top button