کورونا رپورٹ مثبت آنے پر ڈاکٹرز نے مریضہ کا آپریشن ادھورا چھوڑ دیا

لاہور(نیٹ نیوز)کورونا رپورٹ مثبت آنے پر ڈاکٹروں نے مریضہ کا آپریشن ادھورا چھوڑ دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈاؤ ہسپتال اوجھا کیمپس کے امراض سینہ کے شعبے میں زیر علاج مریضہ 20 سالہ مدیحہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر آپریشن بیچ میں ہی روک دیا گیا اور اسے واپس وارڈ منتقل کردیا گیا۔اس واقعے کی ایک شہری نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، شہری نے وزیر اعلی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ویڈیو بنانے والے شہری کے مطابق مریضہ کا 24 نومبر کو کورونا ٹیسٹ لیا گیا ، اس میں کوئی علامات نہیں تھیں، آپریشن 26 نومبر کو ہوا، سرجری کے دوران ہی کورونا رپورٹ مثبت آگئی جس کے بعد سرجن نے آپریشن ادھورا روک کر واپس ٹانکے لگا دئیے۔دوسری جانب سرجن ڈاکٹر نیاز حسین نے آڈیو بیان میں کہا ہے کہ مریضہ کو آپریشن سے قبل کووڈ علامات نہیں تھیں۔ جب مریضہ آپریشن تھیٹر میں لائی گئی کورونا رپورٹ نہیں آئی تھی، جیسے ہی آپریشن کے لیے جلد میں کٹ لگایا اسی دوران رپورٹ موصول ہوئی، کووڈ مثبت آنے پر آپریشن ملتوی کردیا گیا۔ مدیحہ کے پھیپھڑوں کا آپریشن ہونا تھا چونکہ کورونا کے اثرات پھیپڑوں پر ہوتے ہیں اس لیے آپریشن کرنا خطرناک تھا۔ مریضہ کے مرض کی نوعیت ایسی ہے جس کا بعد میں بھی آپریشن کیا جاسکتا ہے۔ چار سے چھ ہفتے بعد مریضہ کا دوبارہ معائنہ کرکے آپریشن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …