ٹیکس چوری میں ملوث اسٹیل مل کا مالک گرفتار

اسلام آباد(میڈیا پاکستان)ایف بی آرنے ٹیکس چوری میں ملوث لاہور کی اسٹیل ملز کے مالک محمد افتخارکو گرفتار کرلیا جبکہ واجبات15 کروڑ روپے کے واجبات کی ریکوری کیلیے اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور جائیداد ضبط کرکے نیلام کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر کے سینئر افسر نے ذرائع کو بتایا کہ ریجنل ٹیکس آف لاہور کی جانب سے 2013 میں تابش اسٹیل فرنس کی جانب سے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کا کیس پکڑ کر ایف آئی درج کی گئی تھی اوراس کیس میں تحقیقات کیلیے ڈپٹی کمشنر انٹیلی جنس انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن آر ٹی او لاہور محمد عمران کی سربراہی میں اعلی سطح کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیم نے تابش اسٹیل فرنس کیس میں تحقیقات مکمل کرکے ٹیکس واجبات کا تعین کیا اور تحقیقات کے دوران ملزم کی جانب سے 7 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری ثابت ہوئی ہے۔ کیس اسپیشل جج کسٹمز ،ٹیکسیشن اینڈ انسداد اسمگلنگ سردار طاہر صابر کی عدالت میں زیر سماعت تھا ، فاضل جج نے شواہد، گواہوں کے بیانات اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میںپیر کو تابش اسٹیل فرنس نامی اسٹیل ملز کے مالک محمد افتخار کی ٹیکس چوری ثابت ہونے پر 3 سال قید اور چوری کردہ7 کروڑ45 لاکھ 34 ہزار 989 روپے کے ٹیکس کی رقم کے برابر جرمانہ عائد کرنے کی سزا سنائی۔
مذکورہ افسر نے بتایا کہ عدالت کے فیصلے پر ایف بی آر کی تحقیقاتی ٹیم نے محمد افتخارکو گرفتار کر کے جیل بھجوادیا اورعدالتی حکم پر ملزم سے 14 کروڑ 90لاکھ 69 ہزار روپے سے زائد کی چوری کردہ ٹیکس اور جرمانے کی رقم وصول کرنے کیلیے قانونی کارروائی کافیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ رقم وصول کرنے کیلیے ملزم اور اس کے کاروباری یونٹ کے بینک اکاؤنٹ منجمد کیے جائیں گے اور جائیداد ضبط کرکے نیلام کی جائیگی جس کیلیے جلد کارروائی شروع کر دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزم نے ٹیکس چوری کرنے کیلیے ایف بی آر کو ارشد نامی ٹھیکیدار کے ساتھ جعلی معاہدہ پیش کرکے یہ ظاہر کررکھا تھا کہ ارشد نامی شخص مل چلا رہا ہے جو خلاف حقیقت تھا، مل کا بجلی کا ماہانہ بل اوسطاً 90 لاکھ روپے تھا جبکہ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوگیا کہ محمد افتخار ہی مل کا اصل مالک ہے اورمعاہدہ جعلی تھا جو ٹیکس چوری کی نیت سے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

خام تیل کی عالمی قیمتیں کم ہوکر 82.87ڈالر بیرل ہوگئیں

اسلام آباد: خام تیل کی عالمی قیمتیں82.87ڈالر فی بیرل ہوگئیں جب کہ دوسری جانب اوگرا …