کراچی (میڈیا پاکستان): برآمدات میں اضافے کے باوجود مالی سال کے پہلے ماہ کا تجارتی خسارہ 55 فیصد سے بھی زیادہ بڑھ گیا، بجٹ میں درآمدی ٹیکسوں میں اضافے کا بھی فائدہ نہیں ہوا، درآمدات میں کمی کی بجائے 36 فیصد اضافہ ہو گیا۔
مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران 3 ارب 20 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہا، جو گزشتہ جولائی سے 55.5 فیصد زیادہ ہے، پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق ملکی برآمدات کا حجم 1 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ جولائی سے 10.58 فیصد زیادہ ہے، تاہم دوسری طرف جولائی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات اور دوسری اشیا کا درآمدی بل 4 ارب 83 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا، جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے سے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران بھی ملکی تجارتی خسارے کا حجم 32 ارب 57 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا تھا، جبکہ اس سال جولائی کا تجارتی خسارہ گزشتہ مالی سال کے اوسط ماہانہ خسارے سے بھی 18 فیصد زیادہ ہے۔
