خوفناک ’مدر‘ دیکھنے سے ہی انسان ڈر جائے

ویسے تو ہولی وڈ میں ایک سے بڑھ کر ایک خوفناک اور تھرلر فلمیں بنتی ہیں، جنہیں دیکھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔
تاہم آنے والی ہولی وڈ فلم ’مدر‘ ایک ایسی فلم ہے، جسے دیکھا بھی جاسکتا ہے، لیکن ساتھ ہی ساتھ انسان کو ڈر کا احساس بھی ہوتا رہے گا۔
اسٹار اداکارہ جینیفر لورنس اور جیویئر برڈم کی آنے والی فزیولاجیکل تھرلر فلم ’مدر‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جسے دیکھتے ہی انسان ڈر جائے۔
قریبا 2 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں میاں بیوی، ان کی محبت اور ان کے گھر کو دکھایا گیا ہے، جس میں آئے دن مہمانوں کی آمد ہوتی رہتی ہے۔
ٹریلر کے آخری ایک منٹ میں مہمانوں کی آمد کی وجہ سے ہونے والے حادثات کو اس طرح دکھایا گیا ہے کہ فلم کی کہانی کا اندازہ ہی نہیں ہوتا۔
گھر کی مالکن جینیفر لورنس کو اس وقت حیرانی ہوتی ہے، جب وہ اپنے گھر آئے ایک مرد مہمان کے بیگ میں اپنے شوہر کی تصویر دیکھتی ہیں۔
آئے دن گھر میں مہمانوں کی آمد کی وجہ سے جہاں میاں بیوی کے درمیان قربتیں کم ہوتی ہیں، وہیں گھر میں خوفناک حادثات و واقعات بھی ہونے لگتے ہیں، اور پوری فلم میاں بیوی، گھر اور ان کے ہاں آنے والے مہمانوں کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات کے ارد گرد گھومتی ہے۔
فزیولاجیکل تھرلر’مدر‘ کی ہدایات ڈیرن آرنو فوسکے نے دیں ہیں، جب کہ وہ فلم کے شریک پروڈیوسر ہونے کے ساتھ فلم کے لکھاری بھی ہیں۔
جینیفر لورنس اور جیویئر برڈم کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں ای ڈی ہیرس اور مائیکل پفیئر بھی شامل ہیں، فلم کو آئندہ ماہ 15 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کے ٹریلر کو چند ہی گھنٹوں میں 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا، جب کہ اس سے پہلے مئی میں ماؤں کے عالمی دن پر فلم کا ٹیزر ٹوئیٹ کیا گیا تھا، جس میں جینیفر لورنس کے ہاتھوں میں خون سے ڈوبا دل دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

’دنیا کا بہترین ویکیوم کلینر بنانے میں 5126 ناکامیاں دیکھیں،‘ برطانوی موجد

لندن: برطانیہ کے غیرمعمولی امیر موجد اور کئی کمپنیوں کے مالک جیمز ڈائسن نے اپنے …