ماسکو (میڈیا پاکستان) برطانوی اخبار کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن صبح دیر سے اٹھتے ہیں۔ ناشتہ دوپہر کے وقت کرتے ہیں۔ ان کے مینو میں ہمیشہ تازہ مکھن آملیٹ اور دلیہ ہوتا ہے۔ بعض اوقات بٹیر کے انڈے ناشتے میں لیتے ہیں، جنہیں اکثر جوس میں ملا کر پیتے ہیں۔ کافی کے بعد درباری طلب کئے جاتے ہیں۔ پوٹن 2 گھنٹے تیراکی کرتے ہیں۔ زیادہ تر سوچ بچار وہ اسی دوران کرتے ہیں۔ صدر پوٹن اپنے درباریوں کو بہت انتظار کراتے ہیں جو کہ تین سے چار گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔
وہ جم میں بھی وقت گزارتے ہیں اور ویٹ لفٹنگ کے دوران خبریں دیکھتے ہیں۔ بعد ازاں وہ رات دیر تک کام کرتے ہیں۔ تاریخی کتابوں کے مطالعہ کے علاوہ روسی اور غیر ملکی پریس کا تجزیہ کرتے ہیں۔ بریفنگ کے نوٹس پر کام کرتے ہیں۔ آئس ہاکی کے فین پوٹن روزانہ اس کھیل کی پریکٹس کرتے ہیں اور چند ہفتے بعد ایک میچ کراتے ہیں۔
ہفتہ وار دوپہر کے بعد بعض اوقات سٹڈی سیشن یا لینگوئج سٹڈی سیشن ہوتے ہیں۔ جب پوٹن کو کوئی سرکاری کام نہیں ہوتا، وہ اپنی پارٹنر کیساتھ وقت گزارتے ہیں۔ 2014ء میں بیوی لوڈمیلا پوٹن سے علیحدگی کے بعد وہ کئی خواتین سے رابطے میں ہیں، جن میں علینا کابیوا اور سرخ بیگ والی لیڈی شامل ہیں۔
سرخ بیگ والی لیڈی سے پوٹن کا حال ہی میں رابطہ ہوا ہے۔ جولائی میں منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر پوٹن ایک خاتون سے گپ شپ کر رہے ہیں۔ پھر خاتون کیلئے گاڑی کا دروازہ کھولتے ہیں، مگر فوری دوبارہ بند کر دیتے ہیں، اس پر ناظرین سوچ میں پڑ جاتے ہیں کہ وہ خاتون کون تھی؟
