اسلام آباد: (نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔ نائب معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔
امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو آج سہ پہر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ان کی وزیرِاعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ہم منصب شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں متوقع ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کیساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر بات ہو گی۔ پاکستان امریکا سے کولیشن سپورٹ فند کی رقم روکے جانے کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔
امریکی وفد سے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ نائب معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی امریکی وزیرِ خارجہ کے ہمراہ ہونگے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ دورہ مکمل کرنے بعد رات کو بھارت روانہ ہو جائیں گے۔
مائیک پومپیو امریکی فوج میں آفیسر اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپریل 2018ء میں مائیک پومپیو کو سیکریٹری آف سٹیٹ مقرر کیا تھا۔