وزیرآباد(بیورو رپورٹر/میڈیا92نیوز) پانچ روزقبل کبوتر چوری کے مبینہ الزام میں گرفتار نوجوان خاورعباس تشدد کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیرآباد میں پانچ روزقبل مالک مکان کی چھت سے کبوترچوری ہونے کا الزام کرائے دار نوجوان خاورپر لگایا گیا۔ خاور کے لواحقین کا کہنا ہے کہ مالک مکان نے خاور کے خلاف تھانے میں درخواست دے کر اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے پہلے خود تین روزخاور کو تشدد کا نشانہ بنایا تاہم تفتیش میں چوری ثابت نہ ہونے پر خاورکورہا کردیا تھا، جب مالک مکان کو پتہ چلا کہ پولیس نے خاور کو چھوڑ دیا ہے تو غصے
میں آگ بگولا مکان مالک عزیز اپنے دوست حسنین کےساتھ مل کرخاور کو آبادی سے دورڈیرے پرلے گیا اور6 ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے کبوتر چوری کا اعتراف کرنے پرمجبورکیا۔
خاورچوری کا اعتراف کرنے سے مسلسل انکار کرتا رہا تواسے ڈنڈے مارمار کر لہولہان کردیا۔ اس سے متعلق جب اہل خانہ کو پتہ چلاتو وہ نوجوان کو چھڑانے آئے، جس پرملزمان نے خاور کے بھائی فیصل کو بھی مارا اورفرار ہوگئے۔ خاور کو تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعہ کے خلاف اہل خانہ سڑکوں پرنکل آئے اور رات دیر تک احتجاج کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔