لاہور(کورٹ رپورٹر /میڈیا92نیوز) سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی از خود نوٹس کیس میں پیراگون سٹی کے معاملے میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو کل طلب کرلیا۔ جبکہ نیب کے تفتیشی افسر کوبھی بلالیا گیا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میا ں ثاقب نثار نے ڈی جی ایل ڈی اے سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت ایل ڈی اے سٹی کا ماڈل بنایا گیا، اربن ڈویلپمنٹ کمپنی کا ٹھیکہ کس کس کو دیا گیا
عدالتی حکم پر پیراگون کمپنی کی جانب سے بریگیڈئیر ریٹائرڈ مجید ریاض پیش ہوئے جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم نے مالکان کو بلایا ہے ملازمین کو نہیں بلایا اور خواجہ سعد رفیق خود پیش ہوکر وضاحت کریں کہ ان کا پیراگون کمپنی اورٹوئن ٹاﺅن اسلام آباد کےساتھ کیا تعلق ہے۔ فاضل بنچ نے اس سلسلے میں نیب کے تفتیشی افسر کو بھی طلب کرلیا جبکہ خواجہ سعد رفیق کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت10مارچ تک ملتوی کردی گئی۔