اسلام آباد:(بیوروچیف،میڈیا92نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی ادویات بنانے والی کمپنی کے مالک کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے جعلی ادویات سازی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
اس موقع پر عدالت نے حکم دیا کہ ابھی جا کر فیکٹری بند کردیں، ڈریپ فیکٹری پر ٹیک اوور کریں، کون سا ڈی آئی جی ہے جو اس کی حمایت کرتا ہے، آئی جی پنجاب اپنے ڈی آئی جی کی تحقیقات کریں۔
چیف جسٹس نے تین گھنٹے میں فیکٹری سیل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے جعلی دوا ساز کمپنی کے مالک کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت دی جس کے بعد پولیس نے عدالتی حکم پر کمپنی کے مالک کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔
عدالت نے آر پی او بہاولپور کی معطلی کا بھی حکم دیا تاہم انہیں 8 مارچ تک کام جاری رکھنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے ایچ آر سیل میں جعلی دوا ساز کمپنی سے متعلق شکایت درج کی گئی تھی۔