لاہور:(سٹاف رپورٹر میڈیا92نیوز) احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور شاہد شفیق کو 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا۔
اس موقع پر نیب کے وکیل نے کہا کہ احد چیمہ اور ان کے خاندان نے 32 کنال زمین اپنے نام کرائی جب کہ ان پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔
نیب کی جانب سے گرفتار احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جسے تھوڑی دیر بعد سناتے ہوئے ملزمان کا مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے احد چیمہ اور شاہد شفیق کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور دونوں ملزمان کو 20مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
نیب ذرائع کے مطابق احد چیمہ پر غیر قانونی طور پر ایک فرم کا 14 ارب روپے کا ٹھیکہ دینے جب کہ ملزم شاہد شفیق پر جعلی دستاویزات پر 14 ارب کا ٹھیکہ لینے کا الزام ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کے 90 فیصد شیئرز بسمہ انجینرنگ کے پاس تھے