پاکستانتازہ ترین

سرگودھا کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدوارکامیاب

سرگودھا: حلقہ پی پی 30 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسر سندھو نے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سرگودھا کے حلقہ پی پی 30 کے ضمنی انتخاب میں قائم 137 پولنگ اسٹیشن کے نتائج سامنے آگئے جس کے مطابق ن لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسر سندھو نے 42 ہزار 736 ووٹ لے کر فتح حاصل کرلی جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار راؤ ساجد 23 ہزار 586 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات رہے جب کہ حلقے کے اطراف میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ حلقہ میں کل 137 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جہاں پر ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جب کہ 19 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قراردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ حلقہ پی پی 30 میں ووٹرزکی کل تعداد 1 لاکھ 73 ہزار 919 جس میں مرد ووٹرز 98 ہزار 145 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 75 ہزار 774 ہے۔ پنجاب اسمبلی کی یہ نشست لیگی ایم پی اے چودھری طاہر سندھو کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

Back to top button