گجرات(نمائندہ/میڈیا92نیوز)سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ یقین ہوگیا ہےکہ ملک کو ستر سال سے لگی بیماری کو ختم کرنے کالمحہ آپہنچاہے، کرپشن کا کوئی الزام مجھ پر نہیں،ووٹ کےتقدس کی خاطر جنگ لڑتے رہیں گے۔
گجرات میں کوٹلہ ارب گراؤنڈ میں مسلم لیگ ”ن” کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کروڑوں عوام کے ووٹوں کو پاؤں تلے روند دیا گیا، وزیر اعظم اور پارٹی صدارت کے عہدوں سے نکال دیا گیا، کا غذوں اور فیصلوں سے تو مجھے نکال دیا لیکن تب مانوں گا جب عوام کے دلوں سے بھی مجھے نکال دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے پہلے بھی آئے، آج بھی آرہےہیں، 70 سال میں کچھ نہیں بدلا، ابھی دل نہیں بھرا ، ابھی پیٹ نہیں بھرا، اگر چھین سکتے ہو تو میرا نام بھی چھین کر دکھاؤ، پارلیمنٹ نے مسلم لیگ کے تمام امیداوروں کو کامیاب کیا ، ا عتراض یہ لگا کہ ان ٹکٹوں پر نوازشریف کے دستخط موجود ہیں ، یہ بھی کوئی الزام ہے؟
نواز شریف کا کہنا تھا کہ فیصلہ آج دے رہے ہو ، ہمارے امیدوار توایک ہفتہ پہلے میدان میں آچکے تھے ، میرے دستخط اورمہر تو ایٹمی پروگرام پر بھی لگے ہیں ، کیا اسے بھی ختم کردیا جائے؟ انہوں نے کہا کہ بند کردو یہ بجلی کے کارخانے ، ادھیڑ دو موٹروے کیونکہ ان پر بھی نوازشریف کے دستخط ہیں۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بھی دیکھ لو کہ کون کون سے جج نوازشریف کے دستخطوں سے آج عدالت میں بیٹھے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ اگلی حکومت بھی مسلم لیگ ن کی آئے گی، جن غریبوں کے پاس مکان نہیں انہیں مکان دیئے جائیں گے، جتنے بھی فیصلے آرہے ہیں یہ انتقام اور غصے میں آرہے ہیں، 2018 میں صرف ووٹ نہیں ڈالنا ، انقلاب لانا ہے، الیکشن ایک ریفرنڈم ہونا چاہیے، ہم نے اس نظام کو ختم کرنا ہے جس نے آپ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔