لاھور نامہ

2 ارب سےزائد واجبات ڈوب گئے، لیسکو افسران کی ناکامی

لاہور(بیوروچیف میڈیا92نیوز) لیسکو سرکاری محکموں اور اداروں سے 2 ارب 27 کروڑ روپے کے بل وصول کرنے میں ناکام ہو گئی، متعدد سرکاری محکموں اور اداروں کے نہ کنکشن منقطع ہوئے اور نہ ہی بلوں کی ریکوری کی جا سکی۔دستاویزات کے مطابق سرکاری محکموں اور اداروں کے ذمہ 2 ارب 27 کروڑ روپے کے بل واجب الادا ہیں لیکن ان سے ریکوری نہیں کی جا سکی اور نہ ہی ان کے کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے ناردرن سرکل میں 30 کروڑ روپے کے بل سرکاری اداروں کی جانب واجب الادا ہیں لیکن وصول نہیں کیے جاسکے، اسی طرح سنٹرل سرکل میں 38 کروڑ 87 لاکھ، ایسٹرن سرکل میں 39 کروڑ 90 لاکھ، سائوتھ سرکل میں 64 کروڑ 57 لاکھ، اوکاڑہ سرکل میں 12 کروڑ، شیخوپورہ سرکل میں 7 کروڑ جبکہ قصور سرکل میں 13 کروڑ 85 لاکھ روپے کے بل واجب الادا ہیں۔
ذرائع کے مطابق نادہندگان میں ٹی ایم اے شالامار، ٹی ایم اے راوی ٹائون، ٹی ایم اے سمن آباد، ٹی ایم اے اقبال ٹائون، ٹی ایم اے گلبرگ، ٹی ایم اے عزیز بھٹی ٹائون، واسا، محکمہ تعلیم، محکمہ آثار قدیمہ، ایل ڈی اے، محکمہ صحت، محکمہ پولیس اور محکمہ اوقاف سمیت دیگر ادارے اور محکمے شامل ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ کمپنی کی جانب سے نادہندگان کو نوٹسز بھجوائے جاتے ہیں لیکن سرکاری اداروں کی جانب سے نوٹسز کے باوجود بلوں کی ادائیگی نہیں کی جاتی۔

Back to top button