دہلی (شوبز ڈیسک/میڈیا 92نیوز)بالیووڈ اداکارہ آنجہانی سری دیوی کی آخری رسومات کے بعد اُن کے شوہر بونی کپور نے اداکارہ کے مداحوں کے نام ایک جذباتی پیغام میں اُنہیں زندگی کا پیار اور فیملی کا محور قرار دیا ہے۔
— SRIDEVI BONEY KAPOOR (@SrideviBKapoor) February 28, 2018
سری دیو ی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک نوٹ میں بونی کپور کا کہنا ہے کہ اب اُن کی بنیادی فکر اپنی بیٹیوں جہانوی اور خوشی کا تحفظ ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ایک دوست، بیوی اور دو بیٹیوں کی ماں کو کھو دینے کا نقصان الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا،میں خوش نصیب ہوں کہ ارجن اور انشولا کی سپورٹ اور محبت میرے ساتھ ہے۔بحیثیت ایک فیملی ہم نے اس ناقابل برداشت نقصان کا سامنا کرنے کی کوشش کی ہے۔
بونی کپور نے ایک چٹان کی طرح ساتھ رہنے پر فیملی، دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا کے لئے وہ چاندنی اور سری دیوی تھی لیکن میرے لئے میراپیار، میری دوست ، ہماری بچیوں کی ماں اورمیری ساتھی تھی، وہ ہماری بیٹیوں کے لئے سب کچھ تھی۔وہ ایسا محور تھی جس کے گرد پوری فیملی گھومتی تھی۔
بھارتی سنیما کی شناخت سری دیوی کی آخری رسومات گزشتہ روز سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں، وہ دبئ کے ایک ہوٹل میں حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوب کر چل بسی تھیں۔