ممبئی(شوبز ڈیسک/میڈیا 92نیوز) بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جارہی ہیں۔
آخری رسومات کے دوران پولیس کے دستے نے اداکارہ کی میت کو سلامی دی اور ان کی لاش کو بھارتی پرچم میں لپیٹا گیا۔ ہندومذہب کے رسم ورواج کے مطابق اداکارہ کو آخری وقت میں دلہن کی طرح سجایا گیا۔
بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ، ہیمامالنی، روینہ ٹنڈن، جیا بچن اور ہیمامالنی سمیت بالی ووڈ کے تمام اداکاروں نے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
چار روز قبل دبئی کے ایمریٹس ہوٹل میں آخری سانسیں لینے والی بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور چھوٹی بیٹی خوشی کپور کے ہمراہ اپنے بھتیجے کی شادی میں شرکت کیلئے دبئی گئی تھیں۔
لیکن کسی کو کیا خبر تھی کہ شادی کی تقریب میں خوشی خوشی شرکت کرنے والی اداکارہ سری دیوی کا یہ آخری سفر ہے۔ چار روز قبل سری دیوی کی موت کی خبر نے ان کے گھروالوں سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے چاہنے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔
ابتدا میں ان کی موت کی وجہ دل کادورہ قرار دیا جارہا تھا تاہم فرانزک رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد انکشاف ہوا کہ سری دیوی اپنی موت سے قبل نشے میں تھیں اور ان کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے کے باعث ہوئی ہے۔
دبئی پولیس کی جانب سے اداکارہ کی لاش تفتیش کیلئے دبئی پولیس پروسیکیوشن کے حوالے کردی گئی تھی جس کی وجہ سے ان کی لاش واپس بھارت لانے میں تاخیر ہورہی تھی، تاہم گزشتہ روز تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ان کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ جسے بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کے خصوصی طیارے کے ذریعے ممبئی لایا گیا۔
سری دیوی کی میت آج صبح ممبئی لوکھنڈوالا میں سیلیبریشن اسپورٹس کلب میں رکھ دی گئی تھی جہاں ان کا آخری دیدار کرنے کیلئے ان کے گھروالوں سمیت بالی ووڈ کی تمام بڑی شخصیات پہنچیں۔
اس موقع پر اسپورٹس کلب کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔