کراچی: شامی فوج کی جانب سے نہتے اور بے گناہ شہریوں پر کی جانے والی بمباری نے پوری دنیا کو لرزا کر رکھ دیا ہے، معصوم بچوں کی لاشوں کو دیکھ کر پاکستانی فنکار بھی تڑپ اٹھے ہیں اور شام میں جاری قتل عام کو روکنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
شام کے دارالحکومت دمشق کے مشرق میں قائم شہر غوطہ میں شامی اور روسی افواج کی بمباری میں ایک ہفتے کے دوران تقریباً 500 سے زیادہ بے گناہ شہری مارے جاچکے ہیں جن میں 120 بچے بھی شامل ہیں۔ پوری دنیا کا میڈیا معصوم و بے گناہ بچوں کی لاشوں پر چیخ اٹھا ہے۔ بے گناہ لوگوں کے قتل عام کو بند کرنے اور خانہ جنگی روکنےکیلئے پاکستانی فنکار بھی میدان میں آگئے ہیں۔
فلم ’’ورنہ‘‘میں اداکارہ ماہرہ خان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کرنے والے نامور گلوکار اور اداکار ہارون شاہد نے شام میں جاری بے رحمانہ قتل کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا’’میں نے شام میں ہونےوالے قتل عام کی تصاویر دیکھیں، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں شام کے بے گناہ لوگوں کے درد کو بیان کرنے کیلئے، شام میں امن کیلئے دعاگو۔‘‘
ماورا حسین نے شامی فوج کے ظلم کا شکار ہونے والی پھول سی ننھی بچی کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئےنہایت افسوس کا اظہار کیا اور ان لوگوں کیلئے دعا کی درخواست کی جو شامی فوج کے ظلم کا شکار ہیں یا بمباری میں ہلاک ہوچکے ہیں، انہوں نے لکھا اتنا ظلم دیکھ کر میرا دل ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا ہے۔
شام میں ہونے والی تازہ بمباری پر اداکارہ ارمینا خان نے لکھا شام میں ہونے والے حالیہ واقعات بہت پریشان کن ہیں اور یہ خانہ جنگی بہت بدتر ہے۔ انہوں نے لکھا خدا معصوموں کو اپنی حفاظت میں رکھے۔