دلچسپ و عجیب

نیوزی لینڈ:پانی کے اوپر بڑی مقدار میں چھوٹے بڑے پتھر بہت قوت کے ساتھ بہنے لگے

نیوزی لینڈ(فارن ڈیسک/میڈیا 92نیوز)نیوزی لینڈ کے ایک علاقے میں لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب پانی کے اوپر بڑی مقدار میں چھوٹے بڑے پتھر بہت قوت کے ساتھ بہنے لگے، گویا کسی پتھریلے دریا کی طرح کا رخ اختیار کرگئے جن سے بڑے پیمانے پر نشیبی علاقے کے مکانات متاثر ہوئے ہیں۔

20 فروری کو ٹراپیکل سائیکلون گیتا کے بعد نیوزی لینڈ کے نشیبی علاقوں کینٹربری اور ساؤتھ آئی لینڈ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ یہ تباہی اس وقت نوٹ کی گئی جب دریائے راکیا کے اتھلے پانیوں میں مٹی بھر گئی اور اس کے اوپر بھاری پتھر تیرنے لگے۔

یہ منظری بہت دیر تک جاری رہا جسے دیکھ کر لوگوں نے پتھر کے دریا کا گمان کیا جس پر بڑی تیزی سے پتھر پھسلے چلے جارہے تھے۔ ایک مقامی خاتون ڈونا فیلڈ نے بتایا کہ 20 فروری کو یہ واقعہ پیش آیا اور پانی کے بہاؤ کے برخلاف پتھروں کے دریا کی آواز بہت زوردار تھی جو دور دور تک سنی گئی۔

پتھروں کے بہاؤ سے روڈ بھی شدید متاثر ہوا جس کے احاطے میں 8 بڑے کھیت اور باغات محصور ہوکر رہ گئے۔ بہت دیر بعد پتھروں کا بہاؤ تھما تو لوگ وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

پتھریلے دریا کا شور غیرمعمولی طور پر بہت زیادہ تھا۔ عینی شاہدین نے اس عجیب واقعے کی ویڈیو بنائی ہے جو یوٹیوب پر مقبول ہورہی ہے۔

Back to top button