پاکستانتازہ ترین

نیشنل ایکشن پلان پاکستان کے عوام کا پروگرام ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کا پابند ہے اس لئے جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت پر پابندی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں اسپیس ٹیکنالوجی آن واٹر مینجمنٹ پر چوتھی انٹر نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کے تقریباً ستر فیصد رقبے پر پانی ہے، ہمیں ریسرچ کرنا ہو گی کہ ستر فیصد پانی کو زراعت اور ضروریات زندگی میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے، آبادی میں اضافے کی وجہ سے دنیا کو پانی کی کمی کا سامنا ہے اور پانی کی وافر دستیابی کے بغیر کوئی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔ پانی کا انتظام بہتر بنانا حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، مسائل کے حل کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، اسپیس ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کی بہتر مینجمنٹ ہوسکتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے زہر قاتل ہے، نیشنل ایکشن پلان پاکستان کے عوام کا پروگرام ہے اور اس پر مکمل عمل درآمد ہورہا ہے، پاکستان کی کوششیں کسی ملک کو خوش کرنے کے لیے نہیں ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کا پابند ہے، جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت پر پابندی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبوں کو پابندی کے اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور صوبائی حکومتیں وفاق کی ہدایات پر عمل درآمد کررہی ہیں۔

Back to top button