سرگودھا(بیورو رپورٹ/میڈیا 92نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز آج سرگودھا میں پارٹی کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کریں گی۔
اس موقع پر میئر سرگودھا ملک نوید اسلم کی جانب سے مریم نواز کی تاج پوشی بھی کی جائے گی اور انہیں ہیروں جڑا 20 تولہ سونے کا تاج پہنایا جائے گا۔
کمپنی باغ سرگودھا میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے مریم نواز کے خطاب کے لیے اسٹیج اور پنڈال تیار ہے اور انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے زیرِ اہتمام ہونے والے سوشل میڈیا کنونشن میں شرکت کے لیے کارکنوں میں جوش و جذبہ اپنے عروج پر ہے۔
سوشل میڈیا ورکرز کنونشن میں مریم نواز کے خطاب کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے—جیو نیوز اسکرین گریب
پنڈال میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ مقامی قائدین کی قد آور تصاویر بھی نصب کی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا ورکرز کنونشن میں خواتین کے لیے بھی الگ سے جگہ متعین کی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس کی طرف سے امن و امان قائم رکھنے کے لیے 1400 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
امکان ہے کہ مریم نواز دوپہر کے وقت ورکرز کنونشن میں خطاب کے لیے پہنچ جائیں گی۔