کابل(بیورو رپورٹ/میڈیا 92نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ کابل کے علاقے شش درک میں ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔
ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خودکش دھماکا افغان انٹیلی جنس ایجنسی، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے ایک کمپاؤنڈ میں ہوا۔
این ڈی ایس کا یہ کمپاؤنڈ نیٹو اور امریکی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔
واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے اسی کمپاؤنڈ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔
رواں برس کے آغاز سے افغان دارالحکومت میں متعدد بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔