اسلام آباد(کورٹ رپورٹر/میڈیا 92نیوز) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران دانیال عزیز اپنے وکیل علی رضا ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا
دانیال عزیز کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کے روبرو کہا کہ ‘میرے پاس اپنے موکل کے بیانات کی وڈیو کلپ نہیں ہے’۔
جس پر عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ‘ویڈیو کلپ آپ پریس اینڈ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے خود لے لیں’۔
اس موقع پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ‘مجھ سے وہ کھیل نہ کھیلیں جو میں نے ایجاد کیا’۔
سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کا نوٹس بھیج دیا
سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز کلمات کو ہائی لائٹ (نمایاں) کردیا جائے۔
بعدازاں کیس کی سماعت 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران سپریم کورٹ اور ججوں کے بارے میں دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔