بلوچستان (بیورو رپورٹ/میڈیا 92نیوز)بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر مصباح راٹھور نے ملک کی پہلی سویلین فلائٹ سرجن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے کولپور سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈاکٹر مصباح راٹھور نے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
ڈاکٹر مصباح نے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ سےفارغ التحصیل ہونے کے بعد ایرومیڈیکل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان ائر فورسز سے ایوی ایشن میڈیسن میں پرائمری اور پھر ایڈوانس کورس میں ڈپلومہ حاصل کیا۔
جس کے بعد ڈاکٹر مصباح صرف صوبے میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں پہلی سویلین فلائٹ سرجن بن گئیں۔
ڈاکٹر مصباح راٹھور اب سویلین فلائٹ سرجن ہونے کے ناطے پاک فوج کے مشن کے دوران طبی خدمات کی فراہمی کے لیے کومبیٹ گروپ کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
اس سے قبل وہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی کئی مشنز میں حصہ لے چکی ہیں اور پوری جانفشانی سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر مصباح ایمرجنسی صورت حال مثلاً سیلاب اور زلزلے سمیت دیگر آپریشنز میں فورسز کے شانہ بشانہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقے میں جاکر متاثرین کو علاج و معالجہ اور طبی امداد فراہم کرتی ہیں۔
ڈاکٹر مصباح راٹھور نے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کوئٹہ سے میٹرک کیا اور اس کے بعد گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کوئٹہ سے ایف ایس سی پاس کیا اور پھر بولان میڈیکل کالج کوئٹہ سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔