اسمارٹ فون اگر پانی میں گر جائے تو پھر لازمی سی بات ہے کہ اب اس کا کام کرنا ناممکن ہے، ایسے میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی لینڈ روور نے اس مشکل کا حل نکالتے ہوئے ایک سخت جان واٹر پروف اسمارٹ فون متعارف کروا دیا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اگر ان کا تیار کردہ اسمارٹ فون پانی میں 1.5 میٹر تک کی گہرائی میں بھی گر جائے تب بھی اس کے گیجٹس کام کریں گے۔
یہ فون انتہائی گرمی اور سرد موسم میں با آسانی کام کرے گا جب کہ دستانے پہن کر بھی اس کا ٹچ کام کرے گا۔
واٹر پروف اسمارٹ فون کا ٹچ دستانے پہن کر بھی کام کرسکتا ہے—.
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فون کی بیٹری 48 گھنٹے یعنی 2 دن تک لگاتار چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ یہ آئی فون 8 کی بیٹری تک کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
اس فون میں پانی کے خلاف مزاحمت کے ساتھ ساتھ دیگر خصوصیات بھی موجود ہیں، جن میں اسکرین پروٹیکٹر اور فون کیس شامل ہے۔
اس اسمارٹ فون کا فرنٹ کیمرا 8 میگا پکسلز جب کہ بیک کیمرا 16 میگا پکسلز ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ کمپنی اس فون کے ساتھ ایڈونچر پیک بھی فراہم کرے گی جس میں 3600 ملی ایمپئر بیٹری شامل ہوگی۔
واٹر پروف اسمارٹ فون کو خاص طور پر ہائیکنگ ، کیمپنگ، بائیکنگ اور دیگر ایڈونچرز کے دوران استعمال کیا جاسکتا ہے—۔
ڈیلی میل کے مطابق لینڈ روور کے ڈائریکٹر جوسین کلیئر کا کہنا ہے کہ یہ اسمارٹ فون ڈیزائن، فیچرز اور کارکردگی کے لحاظ سے مکمل طور پر بہترین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اسمارٹ فون میں ایس او ایس لائٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جسے ہائیکنگ، کیمپنگ، بائیکنگ اور دیگر ایڈونچرز کے دوران استعمال کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ اسمارٹ فون پہلی مرتبہ بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران رواں ماہ 26 فروری کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔