مصر (فارن ڈیسک/میڈیا 92نیوز)مصر میں ایک نئی شادی شدہ خاتون نے شوارما دلانے سے انکار پر اپنے شوہر سے طلاق لے لی۔
آڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق خاتون کی شادی کو محض 40 روز ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق 30 سالہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ کچھ روز قبل شادی کے بعد پہلی مرتبہ کہیں باہر گئیں، خاتون کے مطابق ان کے شوہر کافی منت سماجت کے بعد انہیں باہر لے کر گئے تھے اور وہ بھی اس شرط پر کہ باہر سے صرف جوس پی کر آئیں گے۔
تاہم جب خاتون نے جوس کے علاوہ شوارما کی بھی فرمائش کی تو ان کے 32 سالہ شوہر احمد اس بات پر بھڑک اٹھے اور گھر واپسی تک خاتون کو جھاڑ پلاتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کو اپنے شوہر کے اس رویے پر بے حد غصہ آیا اور انہوں نے خلع لینے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد وہ گھر چھوڑ کر میکے آگئیں اور اپنے خاوند کے خلاف کورٹ میں مقدمہ درج کروا دیا۔
عدالت میں خاتون نے جج کو بتایا کہ ان کا شوہر ایک انتہائی کنجوس انسان ہے جب کہ اس کی جاب بھی اچھی ہے اور وہ بچوں کو ٹیوشن بھی پڑھاتا ہے۔
خاتون نے اپنے خاوند کی کنجوسی کی حد بتاتے ہوئے کہا کہ ‘جب میں صبح ناشتہ کرتی ہوں اس کے بعد یہ چیک کیا جاتا تھا کہ میں نے کتنی ڈبل روٹی کھائی اور کتنی بچ گئی ہے’۔
خاتون نے جج کو بتایا کہ انہوں نے اکثر اپنے والدین کو ان حالات سے آگاہ کیا لیکن ان کو یہی سمجھایا گیا کہ وقت کے ساتھ سب ٹھیک ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کا کہنا تھا کہ شوارما نہ دلانا اور اس پر تذلیل کرنا برداشت کی آخری حد تھی، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے شادی کے 40 روز بعد ہی اپنے شوہر سے طلاق لے لی۔