پاکستانتازہ ترین

نیب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی ضمنی ریفرنس دائر کرنے کو تیار

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر/میڈیا 92نیوز) سابق وزیر خزانہ کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی ضمنی ریفرنس تیار ہےجو پیر (26 فروری) تک احتساب عدالت میں دائر کردیا جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، جو پیر تک احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔

اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار کے خلاف پاناما جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کا بیان قلمبند

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس میں 10 سے زائد نئے گواہ شامل ہیں۔

آج سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ انعام الحق نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔

کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انعام الحق نے اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ تبسم اسحاق اور بیٹے علی ڈار کے پلاٹوں کی تفصیل عدالت میں پیش کیں۔

گواہ انعام الحق نے بتایا کہ اسحاق ڈار اور ان کی فیملی نے ہاؤسنگ سوسائٹی میں 2.2کنال کے 3 پلاٹس حاصل کیے اور ہر پلاٹ کے عوض 23 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے گئے۔

دوسری جانب نیب نے تفتیشی افسر نادر عباس کا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے مہلت طلب کرلی۔

کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھے۔

اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار مسلسل غیرحاضری پر اشتہاری قرار

گذشتہ برس 27 ستمبر کو احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار 7 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔

تاہم بعدازاں مسلسل غیر حاضری پر احتساب عدالت نے 11 دسمبر 2017 کو اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا تھا۔

Back to top button