کراچی(کرائم رپورٹر/میڈیا 92نیوز)نقیب محسود قتل کیس میں ملوث سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد اور 2 ایس ایچ اوز سمیت 16 ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ملکی اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا جبکہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نقیب قتل کیس میں مطلوب ملزمان میں سے 10 گرفتار کیے جاچکے ہیں جبکہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد سمیت 16 ملزمان کی فہرست تمام ملکی اداروں کو جاری کر دی گئی ہیں۔
ملزمان میں راؤ انوار احمد، سب انسپکٹر امان اللہ مروت، ان کے بھائی اے ایس آئی احسان اللہ مروت، سب انسپکٹر شعیب شوٹر، محمد انار، اے ایس آئی گدا حسین سرگانی، خیرمحمد، علی اکبر، ہیڈ کانسٹیبلز صداقت حسین شاہ، فیصل محمود، عامر شاہ ، کانسٹیبلز محسن عباس، راجہ شمیم، عمران کاظمی، ریاض احمد اور دیگر شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ملنے والے احکامات پر ملٹری انٹیلی جنس، آئی ایس آئی، انٹیلی جنس بیورو، ایف آئی اے، رینجرز اور ایف سی سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مدد دینے کا کہا گیا ہے۔
سندھ پولیس کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ اور تمام صوبائی سیکرٹری داخلہ کو فہرست اور خط روانہ کردیئے گئے۔ کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے آئی جیز کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے ایف آئی اے کو بھی خط لکھا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر تمام متعلقہ محکموں کو ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے کا کہا گیا ہے۔