کراچی(کامرس رپورٹر/میڈیا 92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے دودھ کی قیمت بڑھانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 85 روپے فی لیٹر پر ہی فروخت کرنے کا حکم دیاہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں دودھ فروشوں کی جانب سے قیمت بڑھانے کی درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران ریٹیلرز نے مؤقف اپنایا کہ مقرر کردہ قیمت 85 روپے فی لیٹر دودھ فروخت کرنے پر مالی نقصان ہورہا ہے اس لیے قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے دودھ فروشوں کی قیمت بڑھانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قیمت کے تعین کے اختیار سے متعلق قانونی دلائل طلب کرلیے جب کہ قیمت کے تعین سے متعلق اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
کمشنر کراچی نےعدالت کو بتایا کہ دودھ کی قیمت اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہے۔
عدالت عالیہ نے کمشنر کراچی کو دودھ کی 85 روپے فی لیٹر فروخت پر عملدرآمد یقینی بنانے اور زائد قیمت پر دودھ بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
گٹکے پر پابندی برقرار رکھنے کا حکم
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے گٹکے کی فروخت پرپابندی برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا ہے اور کمشنر کراچی سے ہر تین ماہ کی عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔