کرکٹکھیل

پی ایس ایل 3 کا آغاز؛ صحرا میں چوکوں، چھکوں کی برسات آج سے شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر/میڈیا 92نیوز)صحرائے عرب میں چوکوں، چھکوں کی برسات آج سے شروع ہوگی جب کہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شائقین موسیقی کے دھنوں پر جھومیں گے۔

چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کیلیے بیتاب شائقین کا انتظارختم ہوا، پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، افتتاحی تقریب میں موسیقی کا تڑکا لگایا جائے گا، عابدہ پروین،علی ظفر،شہزاد رائے اور امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

پاکستان کے ثقافتی رنگ بھی نمایاں کئے جائیں گے، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا، افتتاحی تقریب کے بعد پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے ایونٹ کا پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

گزشتہ برس لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو شکست دیکر ٹرافی اٹھانے والی پشاور زلمی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کی مہم پی ایس ایل کا حصہ بننے والی فرنچائز ملتان سلطان کیخلاف میچ سے کریگی، ویسٹ انڈین کو دو مرتبہ عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاورکو ان فارم اوپنر کامران اکمل کی خدمات بھی حاصل ہیں، وکٹ کیپر بیٹسمین دوسرے سیزن میں 353 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر تھے۔

ادھر تجربہ کار محمد حفیظ کیساتھ تمیم اقبال، حارث سہیل بیٹنگ کو استحکام دینے کیلیے موجود ہونگے، ڈیوائن براوو جیسا آل راؤنڈر بھی میسر ہے، تاہم شکیب الحسن کے انجری کی وجہ سے باہر ہونے پر پشاور ٹیم کو مسائل ہوسکتے ہیں، شاہد آفریدی بھی اس بار کراچی کنگزکوجوائن کرچکے ہیں، وہاب ریاض، کرس جورڈن بولنگ میں ٹیم کیلیے اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حسن علی کی ابتدائی میچزمیں شرکت مشکوک ہونا بھی پشاور کیلیے پریشانی کا باعث ہے،ان کے کوور کے طور پر عمید آصف کواسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔حریف ٹیم ملتان سلطانز کو ڈائریکٹر کی صورت میں وسیم اکرم جیسے عظیم کرکٹرز کی رہنمائی حاصل ہے۔

گزشتہ دو سیزنز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک اس نئی فرنچائز کی قیادت کرینگے، گذشتہ دو ایونٹس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بہتر پرفارم کرنے والے احمد شہزاد بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں، کمار سنگاکارا، صہیب مقصود اور ڈیرن براوو بیٹنگ کے ستون ہونگے، باصلاحیت آل راؤنڈرکیرون پولارڈ کی خدمات بھی میسر ہیں جب کہ جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر یواے ای کی کنڈیشنز میں انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں جمعہ کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جبکہ اسی روز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا بھی ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ 24 فروری کو پشاور زلمی کے مقابل ہوگی جب کہ ہفتے کوہی دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین ہوگا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 دبئی اور شارجہ جبکہ 3 پاکستان میں کھیلے جائیں گے،2پلے آف میچز 20اور 21مارچ کو لاہور جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دریں اثنا پہلے میچ سے قبل پاکستان اور یواے ای میں شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا، دبئی میں افتتاحی تقریب اور میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، جنرل، انٹرنیشنل کیساتھ پریمیئم ویسٹ اور ایسٹ اسٹینڈز کا بھی کوئی ٹکٹ باقی دستیاب نہیں رہا۔

Back to top button