اسلام آباد(نمائندہ خصوصی/میڈیا 92نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں سے نوازشریف کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے متعلق کہا کہ کل کا فیصلہ بھی پاناما کیس کی ایک کڑی ہے، تمام فیصلے جو اب تک آئے ہیں یا آئندہ آئیں گے یہ پہلے لکھے جا چکے ہیں، عدالت کوئی ایسی آئینی تشریح بھی ڈھونڈیں جس سے نوازشریف کے ووٹرز کو نااہل کیا جا سکے، اس طرح کے فیصلوں سے نوازشریف کی عوامی مقبولیت بڑھ گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ کا اگلا صدر کون ہو گا، فیصلہ نوازشریف اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد ہوگا، نوازشریف پارٹی لیڈر ہیں اور وہ پارٹی لیڈر شپ کے ساتھ مشاورت سے فیصلے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل کا عدالتی فیصلہ بنیادی حقوق کے خلاف تھا، کمزور فیصلوں کا دفاع کرنے کیلئے کمزور فیصلے ہی لکھنا پڑتے ہیں، انتظار ہے لکھے ہوئے باقی فیصلے سنانے کی باری کب آتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے دوبارہ نااہل کردیا ہے۔