دلچسپ و عجیب

بھارتی ریاست اتر پردیش (یوپی) میں ایک شخص نے بدلہ لینے کے لیے سانپ کا سر چبا ڈالا

لکھنو(مانیٹرنگ ڈیسک/میڈیا 92نیوز) بھارتی ریاست اتر پردیش (یوپی) میں ایک شخص نے بدلہ لینے کے لیے سانپ کا سر چبا ڈالا۔

بھارتی ریاست اترپردیش میں انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص سونی لال نے سانپ کا سر چبا ڈالا۔ سونی لال نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سانپ کا سربدلہ لینے کے لیے چبایا ہے کیونکہ سانپ نے اسے کاٹا تھا۔

سانپ کا سر چبانے کے بعد سونی لال بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹرمنتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق سونی لال کے جسم پر سانپ کے کاٹنے کا کوئی نشان موجود نہیں ہے لیکن سونی لال کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سونی لال کی بھانجی ننھی کا کہنا ہے کہ جب یہ حادثہ پیش آیا اس وقت سونی لال اکیلا تھا۔ ہمیں کسی نے اطلاع دی کہ سونی لال کو سانپ نے کاٹ لیا ہے ہم فوراً وہاں پہنچے اور سونی لال کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد انہیں کمیونٹی سینٹر پہنچایا گیا جہاں وہ ڈاکٹرز کی زیر نگرانی میں ہے۔

ہوش میں آنے کے بعد سونی لال نے بتایا کہ میں اپنے فارم میں کام کررہا تھا کہ مجھے سانپ نے کاٹ لیا اسی وقت میں نے غصے میں سانپ کو اٹھایا اور اس کے سر کو چبا ڈالا۔ دوسری جانب ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہم نے سونی لال کے جسم پر سانپ کے کاٹنے کے کوئی نشان نہیں دیکھے سونی لال اس لیے بے ہوش ہوا کیونکہ وہ سانپ زہریلا تھا لیکن اب سونی لال کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اپنے آپ میں اتنا انوکھا ہے کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر پورے علاقے میں پھیل گئی۔ مقامی افراد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب ہم نے سنا کہ ایک شخص نے سانپ کو کاٹ لیا ہے اور اس کا سر چبالیا ہے ہمیں اپنےکانوں پر یقین نہیں آیا، ہمیں حیرت ہورہی ہے کہ ایک انسان ایسا کیسے کر سکتا ہے۔

کچھ لوگوں نے سونی لال کو پاگل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے سونی لال منشیات کا عادی ہو اس لیے اس نے یہ حرکت کی ہو اور وہ اس وقت اپنے ہوش و حواس میں نہ ہو۔

Back to top button