دلچسپ و عجیب

مسلسل 6 گھنٹے تک 102 زبانوں میں گانے والی لڑکی:دنیا بھر میں عالمی ریکارڈ قائم

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک/میڈیا 92نیوز)دبئی میں رہنے والی یہ لڑکی ساتویں جماعت کی طالبہ ہے جس نے حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے دو اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔ ایک تو اس نے 102 زبانوں میں گانے سنائے اور دوم مسلسل 6 گھنٹے 15 منٹ تک اس نے کنسرٹ میں گانے پیش کیے جو اس کی ہمت اور یادداشت کو ظاہر کرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سچیترا نے ایک سال قبل اس کی تیاریاں شروع کیں اور مسلسل محنت سے مختلف زبانوں میں گانے یاد کرنے شروع کردیے۔ اس سے قبل وہ کئی بھارتی زبانوں میں گاتی رہی ہیں جن میں ہندی، ملیالم اور تامل کے علاوہ انگریزی زبانیں بھی شامل ہیں۔

25 جنوری 2018ء کو سچیترا نے دبئی میں بھارتی سفارت خانے کی ایک تقریب میں اپنے منفرد فن کا مظاہرہ کرکے دنیا بھر کو حیران کردیا اور 102 زبانوں میں 6 گھنٹے 15 منٹ تک گانے گائے۔ ان کا تعلق بھارت میں کرناٹک کے ایک موسیقار گھرانے سے ہے۔ انہوں نے 8 برس سے کلاسیکی موسیقی کا آغاز کیا اور 2016ء میں مختلف زبانوں میں گانے کی مشق شروع کی۔

نومبر 2017ء میں سچیترا نے جاپانی زبان میں گانا گیا جو انہوں نے اپنے والد کے دوست ایک جاپانی ڈاکٹر سے سیکھا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے عربی میں گانے گائے پھر فلپائنی زبان میں بھی کوشش کی۔ اس کے بعد وہ ہر ہفتے ایک نئی زبان کا گانا سیکھتی رہیں یہاں تک کے ان کی ذہن میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا خیال آیا۔

سچیترا نے بتایا کہ مجھے ایک گانا سیکھنے اور یاد کرنے میں دو گھنٹے لگتے ہیں اور اگر اس کا تلفظ آسان ہوتو صرف آدھے گھنٹے میں بھی گانا یاد ہوجاتا ہے۔

کسی مشکل گانے کو یاد کرنے کے لیے وہ اسے بار بار سنتی ہیں لیکن ان کے مطابق فرانسیسی، ہنگری اور جرمن زبانوں کے گانے یاد رکھنا سب سے مشکل امر ہے اور انہیں یاد کرنے میں کبھی دو دن بھی لگ جاتے ہیں۔

قبل ازیں 2008ء میں ایک غزل گائیک ڈاکٹر کیسی راجو سری نواس نے 76 مختلف زبانوں میں گانا گا کر ایک ریکارڈ بنایا تھا جس کے بعد انہوں نے مزید 85 زبانوں میں گیت پیش کیا تھا تاہم سچیترا نے مسلسل محنت سے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس کے علاوہ رومانیہ کی ایک گلوکارہ اینڈرے گوگن نے مسلسل 3 گھنٹے اور 20 منٹ تک گانا گایا تھا جو ایک ریکارڈ تھا اور سچیترا نے اسے بھی توڑ ڈالا ہے۔

سچیترا جن زبانوں میں بہ آسانی گانا گاتی ہیں ان میں سنسکرت، البانوی، آسامی، آذربائیجانی، بڈاگو، بلوچی، باسک، بیلا روسی، میٹھلی، افریقی، بنگالی، بھوجپوری، بھوٹانی، بلغارین، کینٹونیس، چیک، ڈینش، دھیوہی، ڈوگری، ولندیزی، انگریزی، ایسٹونین، فنش، فرنچ، گڑھوالی، جرمن، یونانی، گورانی، گجراتی، کبورک، کونکانی، کوریائی، ماوری، مراٹھی، نیپالی، ناروییئن، ملاگاسی، ملائی، مالٹیز، کیوشیا، راجستھانی، رومانی، روسی، سربیائی، سندھی، سناہلی، سلوواکی، سلووینیئن، صومالی، سویڈش، تاگلوک، تاجک، تامل ، تھائی، تبتی، تیولو، یوکرینی، ازبک، ویتنامی، ویلش، ووشہ، یاکوتی، یوروبا، زولو، اطالوی، جاپانی، آئس لینڈی، کرد زبان، پشتو، ترک، آرمینیائی، ہسپانوی، پرتگالی ، اردو، عربی اور ہندی وغیرہ شامل ہیں۔

Back to top button