لاہور (شوبزرپورٹر/میڈیا 92نیوز)لاہور کے ایکسپو سینٹر میں گذشتہ شام لکس اسٹائل ایوارڈز 2018 کی رنگا رنگ تقریب سجائی گئی، جس میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اسٹارز نے شرکت کر کے چار چاند لگا دیئے۔
اس موقع پر فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سب کو خوب محظوظ کیا۔
ایوارڈ شو میں ماہرہ خان، احد رضا میر، نعمان اعجاز، ہمایوں سعید، آمنہ شیخ، ماورہ حسین، عروہ حسین، سجل علی، عثمان خالد بٹ اور دیگر نے شرکت کر کے خوب رونقیں بکھیریں۔
لکس اسٹائل ایوارڈز 2018 کی تقریب میں ستاروں نے فیشن کے نت نئے ملبوسات کو ترجیح دی جب کہ کچھ نے روایتی انداز کو پسند کیا۔
رات دیر گئے تک جاری رہنے والی اس رنگا رنگ تقریب کی میزبانی کے فرائض واسع چوہدری، احمد علی بٹ اور صنم چوہدری نے انجام دیئے۔
لکس اسٹائل ایوارڈ 2018 کی فلم کیٹگری میں بہترین اداکار ہمایوں سعید قرار پائے جبکہ ماہرہ خان نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
فلموں میں بہترین معاون کردار نبھانے والی اداکارہ عروہ حسین قرار پائیں جب کہ جاوید شیخ نے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ موصول کیا۔
بہترین فلم کا اعزاز ’میں پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے اپنے نام کیا۔
ٹی وی کیٹگری میں احد رضا میر نے ڈرامہ ‘یقین کا سفر’ بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا جب کہ صباء قمر کو ڈرامہ سیریل ’باغی‘ میں جاندار اداکاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
’سنگر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ گلوکار علی سیٹھی، علی حمزہ اور وقار احسن کو دیا گیا۔
ؑتقریب میں ٹیلی وژن کے نوبیاہتا جوڑے اسد صدیقی اور زارا نور صدیقی نے بھی شرکت کی۔
ایوارڈ شو میں اسٹارز نے ایک دوسرے کے ساتھ خوب تصاویر اور سیلفیز بھی بنائیں۔
مشہور ڈرامہ سیریل ‘یقین کے سفر’ کے اہم کردار احد رضا میر اور خوبرو اداکارہ سجل علی شو میں ایک ساتھ بیٹھے دکھائی دیئے۔
گلوکارہ آئمہ بیگ بھی منفرد انداز کی میکسی زیب تن کیے جلوہ گر ہوئیں۔