دبئی(سپورٹس رپورٹر/میڈیا92نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے اور چمچماتی ٹرافی دیکھ کر پاکستانی شائقین کرکٹ کے جوش و جذبات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام چھ ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی ٹرافی ڈیزائن کرنے پر سوروسکی کا شکریہ ادا کیا اور تمام ٹیموں کے کپتانوں کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے پی ایس ایل کو ایک برانڈ بنانے پر فرنچائز مالکان کے تعاون کا شکریہ ادا بھی کیا اور کہا کہ ان کے بغیر پی ایس ایل ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس مرتبہ ٹورنامنٹ کے بہترین باﺅلر، بیٹسمین، وکٹ کیپر اور فیلڈر کو بھی ٹرافی دی جائے گی۔
انہوں نے سب سے پہلے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کاتعارف کروایا اور کہا کہ وہ پاکستان کے ہر گھر میں بستے ہیں اور پاکستان میں ایک سپر سٹار کا درجہ رکھتے ہیں اور میں انہیں لیگ میں آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
اس کے بعد انہوں نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان اور اسلام آباد کے قائد مصباح الحق سمیت شاہد آفریدی، شعیب ملک، برینڈن میکالم اور عماد وسیم کی تعارف بھی کرایا۔