کرکٹکھیل

کوہلی نے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنےنام کرلیا

دبئی(سپورٹس رپورٹر/میڈیا92نیوز) بھارتی کپتان ویرات کوہلی ون ڈے اور ٹیسٹ میں بیک وقت 900 سے زائد پوائنٹس لینے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔

آئی سی سی کی نئی رینکنگ کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز کے بعد ویرات کوہلی بیک وقت ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنلز میں 900 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں، کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 6 میچز کی سیریز میں 3 سنچریز سمیت 558 رنز اسکور کیے تھے، بھارتی کپتان آل ٹائمرز لسٹ میں برائن لارا سے آگے نکل گئے ہیں اور اب وہ 909 پوائنٹس کےساتھ آل ٹائم رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں.

آل ٹائم رینکنگ میں سر ویون رچرڈز 935 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں۔ ڈی ویلیئرز دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے نمبر پر ہیں، پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، جوئے روٹ بھی ایک قدم آگے آتے ہوئے پانچویں پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔
بولنگ میں راشد خان آٹھ درجے اور جسپریت بمرا دو درجے آگے آتے ہوئے 787 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں، ٹرینٹ بولٹ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ تیسرے، جوش ہیزل ووڈ چوتھے اور حسن علی بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن بدستور پہلے ، محمد حفیظ دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ راشد خان گیارہ درجے ترقی کے ساتھ چوتھے اور میتھیوس ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ون ڈے ٹیم رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، بھارت نے 4 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ تاحال دوسرے نمبر پر ہے، انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، افغانستان دسویں، زمبابوے گیارہویں اور آئر لینڈ بارہویں نمبر پر موجود ہے۔

Back to top button