بغداد(فارن ڈیسک/میڈیا92نیوز)عراق میں حکومت نواز ملیشیا کے ایک قافلے پر داعش کے خونریز حملے میں27افراد ہلاک ہو گئے۔
حملہ رات گئے شمالی عراقی شہر کرکوک کے قریب پاپولر موبیلائزیشن فورسز یا پی ایم ایف کے ایک قافلے پر کیا گیا۔ اس حملے کے بعد سے بغداد حکومت کی حامی اس ملیشیا کے کم از کم10 ارکان لاپتہ بھی ہیں۔
عراقی سیکیورٹی فورسز کے اعلی ذرائع نے پیر کو بتایا کہ یہ حملہ شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ یا داعش کے ایسے جنگجوؤں نے کیاجو عراقی پولیس کی وردیاں پہنے ہوئے تھے۔
دریں اثنا عراقی فوج نے کہا ہے کہ موصل شہرکے جنوب میں اجتماعی قبر سے 70 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنھیں داعش دہشتگردوں نے صوبے نینوا میں موصل کے جنوب میں موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
علاوہ ازیں عراق کی عدالت نے داعش میں شمولیت اختیار کرنے پر ترک خاتون کو پھانسی کی سزا سنا دی۔