لاہور(کامرس رپورٹر/میڈیا92نیوز)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ مالیاتی ضروریات کی تکمیل اور غربت کے خاتمے کے لیے ڈومیسٹک ریونیو موبلائزیشن ہی واحد قابل اعتماد ذریعہ ہے ۔گزشتہ کئی سالوں میں عالمگیر سطح پر پھیلنے والے مالی بحران، امدادی بہاؤ میں کمی اور عدم مساوات نے دُنیا کو ٹیکس کی اہمیت سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ٹیکس وصولیوں کا شفاف اور ترقی یافتہ نظام ہی دولت کی منصفانہ تقسیم اور معاشی ترقی کی ضمانت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ٹیکس اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے عنوان سے نیویارک میں جاری پہلی تین روزہ گلوبل کانفرنس کے تیسرے سیشن ـ”سمارٹ ٹیکسیشن اور صنفی مساوات” سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ نیشن کے تخمینے کے مطابق ملینیم ڈویلپمنٹ گولز کے حصول کے لیے ٹیکس کی شرح گراس ڈویلپمنٹ پراڈکٹ کا 20فیصد ہونی چاہیے ۔ پاکستان میں یہ ٹیکس GDPکے تناسب سے 2012سے لے کر اب تک 8.7% سے بڑھ کر 10.5% تک پہنچ چکا ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ محصولات میں کمی کی مختلف وجوہات میں صنفی مضمرات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں تاہم بہت کم لوگ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ مالی پالیسیاں بالخصوص ٹیکس میں اضافہ مردوں کی نسبت خواتین کو زیادہ متاثر کرتا ہے ۔