تازہ ترین

نواز شریف کیخلاف 2 ضمنی ریفرنسز سماعت کیلئے مقرر،نیب ٹیم غیر ملکی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے لندن پہنچ گئی

اسلام آباد(بیورو رپورٹ/میڈیا92نیوز)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے دائر 2 ضمنی ریفرنسز سماعت کےلئے مقرر کردیئے۔ادھر ایون فیلڈ ریفرنس میں غیرملکی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کےلئے قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم لندن پہنچ گئی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا تھا۔
عدالت نے ضمنی ریفرنسز پر اعتراضات مسترد کر کے اسے عبوری ریفرنس کا حصہ بنا دیا تھا جن پر سماعت 22 فروری کو ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث دلائل دیں گے اور اسی روز اعتراضات بھی سنے جائیں گے۔
نیب کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنسز میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف تمام اثاثوں کے خود مالک تھے اور انہوں نے اثاثے اپنے بچوں کے نام بنا رکھے تھے اور ان کے بچے نواز شریف کے بے نامی دار تھے۔
ضمنی ریفرنسز میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف اپنے اثاثوں سے متعلق بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہے جب کہ انہیں تحقیقات کے لیے بلایا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔
اس سے قبل نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت ان کے خاندان کے 5 افراد کے خلاف 22 جنوری 2018 کو احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کے سلسلے میں بھی ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔
جبکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں غیرملکی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کےلئے قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم لندن پہنچ گئی۔ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کیس میں راجہ اختر، رابرٹ بیانات ریکارڈ کرائیں گے، گواہان پاکستان ہائی کمیشن میں نیب ٹیم کو بذریعہ ویڈیو لنک مخاطب ہوں گے۔
لندن سے یہ ویڈیولنک کارروائی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں براہ راست دیکھی جاسکے گی۔ احتساب عدالت نے گزشتہ روز شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز میں نیب پراسیکیوٹر کی درخواست پر پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کو22 فروری کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

Back to top button