تازہ ترین

ہیلی کاپٹراسکینڈل :عمران خان کے خلاف تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل

اسلام آباد(بیورو رپورٹ/میڈیا92نیوز)قومی احتساب بیورو کی ہدایت پر نیب خیبر پختونخوا نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے دو سرکاری ہیلی کاپٹروں کے مبینہ غیر قانونی استعمال کی تحقیقات کے لئے ٹیم مقرر کردی۔ڈائریکٹر نیب خیبر پختونخوا کی سربراہی میں قائم ٹیم عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹروں میں دوروں کی چھان بین کرے گی۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر خیبرپختونخوا کے دو ہیلی کاپٹروں پر 74 گھنٹے غیر قانونی طور پرسفر کرنے کے الزامات ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے 2فروری کوہیلی کاپٹر سکینڈل کا نوٹس لیا تھا۔ نیب خیبر پختونخوا نے ہیڈ کوارٹر سے موصولہ مراسلے کی بنیاد پر الزامات کی تحقیقات کے لئے مشترکہ ٹیم تشکیل دی ہے ۔

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر نیب خیبرپختونخوا نوید حیدر کرینگے۔ٹیم میں قانونی ماہرین اور تحقیقاتی افسران بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پر ایم آئی 171ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے جبکہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52گھنٹے سفر کے بدلے صرف 21 لاکھ روپے ادا کرنے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان پر ایم آئی 171ہیلی کاپٹر پر بنی گالا سے کوہاٹ، پشاور،مردان،بٹگرام ،دیر اور کمراٹ جبکہ ایکیوریل ہیلی پر بنی گالا سے پشاور،کوہاٹ،ایبٹ آباد،ہری پور،چترال،سوات اورنوشہرہ تک کا سفر کرنے کے الزامات ہیں ۔

Back to top button