تازہ ترین

انتقام کی کونسی آگ ہے جو ٹھنڈی ہونے کا نام نہیں لے رہی، پہلے نوازشریف کے آنے پر پابندی تھی اب جانے پر ہے،مریم نواز

مانسہرہ(نمائندہ/میڈیا92نیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ پہلے نوازشریف ملک نہیں آسکتا تھا اب کہتے ہیں باہر نہیں جاسکتا،عوام کے منتخب وزیراعظم کو گالی دینا ملک کے عوام کو گالی دینے کا مترادف ہے،آپ کو اپنی توہین کا نوٹس لینا ہوگا۔

مانسہرہ میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب میں مریم نوازشریف نے کہا کہ پہلے 7 سال نوازشریف کو باہر رکھا اب کہتے ہیں باہر نہیں جاسکتا ،سابق وزیراعظم کے خلاف انتقام کی کونسی آگ ہے جو ٹھنڈی ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

ان کا کہناتھاکہ پہلے نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا،اب اس کی پارٹی صدارت، بیٹی اور خاندان کے پیچھے پڑ گئے ہیں ، فکر نہ کرو ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں۔

ن لیگی رہنمانے یہ بھی کہا کہ عمران خان اب سیکھنے کا نہیں نامہ اعمال دکھانے کا وقت ہے،لودھراں میں نوازشریف کے گمنام سپاہی نے جہانگیرترین کے بیٹے کو شکست دی ۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ نوازشریف کی بیٹی کا استقبال کرنے اتنی بڑی تعداد میں آئے ہیں،جب آپ کا قائد آئے گا تب کیا ہوگا؟سابق وزیراعظم کو عوام سے دور رکھنے کی سازش نے نوازشریف کی محبت عشق میں بدل دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو دن پہلے عوام کی عدالت نے لودھراں میں انصاف کیا، نوازشریف کے حق میں فیصلہ دیدیا اور مخالفین کو سزا سنادی ،سابق وزیراعظم کا قصور ہوتا تو عوام کی جانب سے یہ فیصلہ نہ آتا ۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے یہ بھی کہا کہ عوام کے ووٹ کی پرچی کو پھاڑ کر پھینک دینا،چوری نہیں ڈاکا، دھاندلی اور تاریخ کا بدترین جبر ہے،نواز شریف کی پوری سیاسی زندگی سزائوں سے بھری پڑی ہے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ آئین پاکستان میں گالی دینے،انتقام لینے،بغض و عناد رکھنے کی کوئی شق ہے ؟عوام کے منتخب نمائندوں کو چور کہہ کر کونسے آئین کی تشریح ہورہی ہے؟درست فیصلوں کی وضاحت یا صفائی دینے کی ضرورت نہیں ہوتی،جس نظام میں آپ غلط کو غلط نہیں کہہ سکتے اسے جمہوری نہیں کہا جاسکتا۔

مریم نوازشریف نےمزید کہا کہ توہین عدالت پر پکڑنا ہے تو اسے پکڑو جس نے شرمناک کا لفظ ادا کیا،اب اس کے پاس رونے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

ان کا کہناتھاکہ مہرہ بن کر عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنے والو ، عوام میں کیا منہ لے کر جاؤ گے ،تمہاری تبدیلی، تمہارے وعدے ،تمہاری صداقت ، تمہاری امانت سب کچھ جھوٹ ہے ۔

Back to top button