کراچی (بیورو رپورٹ/)ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس کے ہاتھوں انتظار قتل کیس کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔ جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم نے فریقین کو پیر کو طلب کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں آئی ایس آئی (کم سے کم میجر درجے کا افسر)، ملٹری انٹیلی جنس (کم سے کم میجر درجے کا افسر)، انٹیلی جنس بیورو (ایس پی درجے کا افسر)، رینجرز اور اسپیشل برانچ شامل ہے۔
پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ جےآئی ٹی میں پیش ہونے کیلئے مقتول انتظار کے والد کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اشتیاق احمد کو 19 فروری کو ایک بجے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا تحریری حکم جاری کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کا اجلاس پیر 19 فروری کی دوپہر پولیس ہیڈ آفس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے دفتر میں ہوگا۔
انتظار قتل کیس کے حوالے سے اس سے قبل بھی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس پر ایک فریق نے عدم اعتماد کیا تھا۔
انتظار کوٹ 13 جنوری کی رات ڈیفنس کے علاقے میں چیکنگ کے دوران اینٹی کار لفٹنگ سیل کے عملے نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
فائرنگ کرنے میں براہ راست ملوث ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل مقدس حیدر کے گن مین شامل تھے۔ اس کیس میں نو پولیس افسران اور اہلکار گرفتار ہیں۔